اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ملکی معاشی بدحالی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئےمناظرے کا چیلنج دے دیا۔
اسلام آباد میں مڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان بار بار غلط بیانی اور جھوٹ بول رہے ہیں، عمران خان آئیں مجھ سے مناظرہ کر لیں، عمران نیازی میں آپ کو آئینہ دکھاؤں گا، معاشی بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں عمران نیازی ہیں، پاکستان کے آج جو حالات ہیں وہ عمران نیازی کی وجہ سے ہیں، پاکستان کی آج کی تباہی کے ذمہ دار عمران نیازی ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹی پریس کانفرنس کی، عمران نیازی جھوٹ بولنے کے عادی ہیں، عمران خان نے آج پھر ایک جھوٹ بولا، عمران خان کا موٹو اور نصب العین الٹ ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے پیدا کردہ برے حالات کے بعد ہم نے ریاست کو بچایا ہے، ہمارے پاس دو راستے تھے، سیاست بچائیں یا ریاست بچائیں، ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی مسائل کی تمام ذمہ داری عمران خان اور ان کی حکومت پر آتی ہے، عمران خان ہم آپ کی تباہی کو ٹھیک کر رہے ہیں، ہم نے جی ڈی پی گروتھ 6.10 فیصد پر چھوڑی تھی، ہمارے گزشتہ دور میں ملک کی معیشت کے حجم میں اضافہ ہوا، ملک میں مہنگائی کا طوفان عمران خان کی وجہ سے آیا۔