اسلام آباد: الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فوادچوہدری کو سہ پہر3 بجے اسلام آباد کچہری پیش کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس کی جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے سماعت کی ،فوادچوہدری کے وکیل بابراعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ساڑھے 11 بجے دبئی کے حکمران آ رہے ہیں ، پولیس کے مطابق سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عدالت پیش نہیں کیاگیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہاکہ شاید رات کوفوادچوہدری کا میڈیکل ہوگیا ہے،ابھی میڈیکل رپورٹ آئی نہیں، رپورٹ بھی آجاتی ہے، عدالت نے نائب کورٹ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کب پیش کرے گی؟ ابھی پتہ کرکے بتائیں ۔
پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ فوادچوہدری کو سہ پہر3 بجے اسلام آباد کچہری پیش کیا جائے گا۔