کراچی: ناظم آباد کے نجی اسکول میں طالب کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی اسکول پرایک لاکھ روپے کا جرمانہ ، رجسٹریشن معطل کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ناظم آباد کے اسکول میں اردو بولنے پر طالبعلم کے منہ پر کالا رنگ لگانے اور بدسلوکی پر وزیر تعلیم نے انکوائری کے احکامات دیے تھے ۔
نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل اورایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔نجی اسکولوں کے ڈائریکٹوریٹ کی پانچ رکنی کمیٹی نے انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کردی۔
طالب علم کو اردو بولنے پر سزا اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔کمیٹی کی طرف سے اسکول پرنسپل اور والدین کے بیان قلم بند کیے گئے۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ سیکھنے کے عمل میں مادری زبانیں بولنے پر کسی بھی بچے پر جبر نہیں کیا جا سکتا۔ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا صوبے کے بچوں کا قانونی حق ہے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول کی رجسٹریشن معطلی پر زیر تعلیم طالب علموں کی تعلیم پراثرنہیں پڑے گا۔