کراچی:وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔
دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے اور دہشت گرد ملک کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔
دہشتگردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے۔ آصف زردار
سابق صدر آصف زرداری نے پشاور میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے۔
سابق صدر نے کہاکہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرتے ہوئے دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرے،ان کاکہناتھا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں ، آصف زرداری نے کہاکہ وفاق، صوبائی نگران حکومت دہشتگردوں کے منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔
انٹیلیجنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے،عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ہمیں انٹیلیجنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور پولیس فورسز کو مناسب طریقے سے اسلحہ سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشتگردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔
سہولت کاروں کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔رانا ثنا اللہ
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس کو ہدف بنایا تاہم خود کش حملہ آور کے سہولت کاروں کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مختلف جگہوں پر سیکیورٹی ہوتی ہے کسی ایک جگہ موقع مل جائے تو دہشت گرد حملہ کرتا ہے۔
پشاور دھماکے میں شہادتوں پر غمزدہ ہوں۔مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہیں اور پشاور دھماکے میں شہادتوں پر غمزدہ ہوں۔ 2013 سے 2018 تک قوم نے دہشت گردی کے خلاف عزم کیا تھا اور آج ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف عزم کی ضرورت ہے۔ صوبے اور وفاق مل کر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے میں شہادتوں پر افسوس ہے۔ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے حکومت تیار ہے اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔