اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شواہد ملے ہیں کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان میں امن تباہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے، افغانستان سے رابطہ کر کے کہیں گے کہ دہشت گردوں کو کنٹرول کرے۔
انہوں نے پشاور میں آج ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مسجد میں پہلی صف میں کھڑا تھا، دہشت گردوں نے پولیس کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا ایک صوبہ کسی حد تک اس وقت حالت جنگ میں ہے، خیبر پختون خوا میں امن وامان بحال کیا جائے گا، خوش آئند بات ہے کہ شہری دہشت گردی کے خلاف باہر نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، شواہد ہیں کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان میں امن تباہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ کابل اوراسلام آباد مل کر دہشت گردی کا قلع قمع کریں، افغانستان سے رابطہ کریں گے کہ ان دہشت گردوں کو کنٹرول کریں۔