پشاور (امت نیوز) صوابی میں پولیس نے دہشت گردی کی ایک اور بڑی کوشش ناکام بنا دی، جس میں بمبار ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے بمبار کے ساتھی ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختون کے شہر صوابی کے علاقے ہنڈ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، بعد ازاں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پیر کو سہ پہر صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی مسجد میں دوران نماز دھماکا ہوا ہے جس میں متعدد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔