کوہاٹ (امت نیوز) کوہاٹ کے تانڈہ ڈیم میں اتوار کو کشتی ڈوبنے سے اموات 30 ہوگئیں، بچوں کی تلاش کےلیے پیر کو دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ ریسکیو حکام کے مطابق مزید 19 بچوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق کل مجموعی طور پر 17 بچے نکالے گئے تھے جن میں 11 جاں بحق ہوئے تھے۔ حادثے میں مجموعی اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے زر دسی میں کشتی الٹنے سے 30 سے زائد بچے ڈوب گئے تھے۔
امدادی ٹیموں کے مطابق کوہاٹ میں واقع تانڈہ ڈیم میں بچے پکنک منانے آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے کشتی میں بیٹھ کر ڈیم کی سیر کرنی چاہی۔ طالب علم کشتی میں سوار تھے، جو مدرسے سے تعلق رکھتے تھے، تاہم توازن بگڑ جانے کے باعث کشتی ڈیم کے بیچوں بیچ الٹ گئی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے 7 بچوں کی تدفین کردی گئی۔ جبکہ کشتی بان، محکمہ ایریگیشن کے ایکسی این کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زیر علاج بچوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔