کنری (نمائندہ امت)کوئٹہ سے کراچی آنے والی بس کے حادثے میں کنری کا بیوپاری لاپتہ، اہل خانہ نےہلاکت کا شبہہ ظاہر کردیا،تفصیلات کے مطابق کنری کے نواحی گاؤں بابو اقبال آرائیں کا رہائشی دو معصوم بچوں کا باپ 32 سالہ پیاز کے بیج کا بیوپاری نوید انجم گزشتہ روز کوئٹہ سے بدقسمت مسافر کوچ میں سوار ہوکر کراچی بہن کے گھر آرہا تھا کہ بس کھائی میں الٹ گئی، درجنوں افراد اجل کا شکار ہوگئے تھے،اہل خانہ کی جانب سے موبائل فون پر بار بار رابطہ کرنے کے باوجود نوید انجم سے رابطہ نہیں ہوسکا،اس کا موبائل فون مسلسل بند جا رہا ہے،نوید انجم کے بھائی عبدالحمید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بس میں سوار ہونے کے بعد نوید نے کراچی میں اپنی بہن کو فون کرکے بتایا کہ وہ بس میں سوار ہو گیا ہے، صبح پہنچ کر ان کے گھر پر ناشتہ کرے گا، دوبارہ مجھے فون مت کرنا، مجھے شدید نیند آرہی ہے اور میں اب سو رہا ہوں، بھائی کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی لوکیشن چیک کرنے پر لوکیشن حادثے کی جگہ بتائی جا رہی ہے، جس پر ان کو شبہہ ہے کہ ان کا بھائی اس حادثے جاں بحق ہوچکا ہے، خبر سننے کے بعد ان کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے،پورے گاؤں کا ماحول سوگوار ہو گیا ہے، دیگر بھائی لاش کے حصول اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔