کراچی میں مساجد،مذہبی مقامات پر سیکورٹی سخت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے بعد کراچی میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔آئی جی سندھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس پکٹنگ،ناکہ بندی کو غیرمعمولی بناتے ہوئے نگرانی اور ایڈوانس انٹیلی جنس کلیکشن کی بدولت جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کو کامیاب بنایا جائے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔آئی جی نے ہدایات دی ہیں کہ مساجد،امام بارگاہوں سمیت تمام مذہبی مقامات پر سیکورٹی اقدامات مزید سخت کئے جائیں۔پٹرولنگ،اسنیپ چیکنگ کو سخت اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔

داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس پکٹنگ،ناکہ بندی کو غیرمعمولی بنایا جائے۔علاقوں میں نگرانی اور ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن کی بدولت جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کو کامیاب بنایا جائے،زونز، ڈسٹرکٹس، پولیس اسٹیشنز کے باہم روابط سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کیساتھ بھی مسلسل روابط رکھے جائیں۔