تفتیشی ادارے حملہ آوروں کے قریب پہنچ چکے ہیں،راناثنااللہ کا دعویٰ

اسلام آباد(امت نیوز)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور تفتیشی ادارے حملہ آوروں کے قریب پہنچ چکے ہیں، انشاء اللہ ہم جلد کامیابی حاصل کرلیں گے

قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے خراسان گروپ نے کی ہے، مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل دینے کے لیے وزیر اعظم، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ایوان میں آئیں گے اور اراکین کا اعتماد میں لیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خود کش دھماکے کے 216 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 27 کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، ملبے میں سے بھی کئی زخمی اور لاشیں نکلی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی خودکش تھا، بمبار مسجد تک کیسے پہنچا اور کس نے سہولت کاری کی اس حوالے سے اداروں کی تحقیقات جاری ہیں اور وہ بہت قریب پہنچ چکی ہیں، انکوائری مکمل ہونے پر وزیراعظم ایوان کو اعتماد میں لیں گے، یہ واقعہ پاکستان کے  اورقوم کے خلاف ہے