یواےای کوپاکستان کے5سرکاری اداروں کے شیئرزخریدنے کی پیشکش

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو5 سرکاری اداروں کے شیئرزخریدنے کی پیشکش کردی۔

فنانس ڈویژن کے ذرائع کے مطابق یو اے ای کو آئل اینڈگیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں شیئرز کی پیش کش کی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی اسلام آباد آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے 1 بلین ڈالر کی فنانسنگ سہولت کے آپریشنلائزیشن پر بات چیت کرنا شیڈول تھی لیکن خراب موسم کے باعث ان کا دورہ اسلام آباد ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے متحدہ عرب امارات میں وزیراعظم شہباز شریف سے اقتصادی اداروں کے سربراہان کی ملاقات کے دوران ابوظبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی نے نیشنل پارکس منیجمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور  شمسی توانائی کے منصوبوں سمیت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی ائیرپورٹ منیجمنٹ اور پانچ ریاستی ملکیتی اداروں میں اپنی میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا، دونوں اداروں کے پاس 300 بلین ڈالرکے سرمایہ کاری فنڈزکا پورٹ فولیو موجود ہے۔