پاکستان کو 18 ارب ڈالر جرمانے کی ایرانی دھمکی

ایران نے پاکستان سےکہا ہےکہ وہ ایران پاکستان گیس  پائپ لائن منصوبےکا اپنی طرف کا حصہ  مارچ 2024 تک لازمی طور پر مکمل کرے ،بصورت دیگر  18 ارب ڈالر  کے خطیر جرمانے کیلئے تیار رہے ۔

وزارت توانائی کے سینیئر عہدے دار کے مطابق تہران حکام نے تین ہفتے قبل ایران کا  دورہ کرنے والے پاکستانی حکام کے وفدکو بھی اس بات سے آگاہ کیا تھا۔

واضح  رہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن جسے ابتدائی طور پر آئی پی آئی  منصوبہ کہا گیا تھا ، نوے کی دہائی کا منصوبہ ہے۔ اس پروجیکٹ میں ایران پاکستان اور انڈیا  شامل تھے تاہم بعد میں عالمی پابندیوں اور پاکستان سے کشیدہ صورتِ حال کا بہانہ بنا کر نئی دہلی  نے خود کو اس منصوبے سے الگ کر لیا تھا۔

بعض ذرائع کے مطابق  بھارت کو اس منصوبے کے حوالے سے امریکی دباو کا بھی سامنا تھا، اب ایران کا مطالبہ ہے کہ پاکستان مارچ 2024 تک آئی پی گیس لائن منصوبے کا ایک حصہ اپنی سرزمین پرمکمل  کرے، اگر پاکستان ایسا نہ کرسکا تو 18 ارب ڈالر جرمانہ عائدکیا جا سکتا ہے۔