گجرات : پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے 3گھنٹے تک پرویزالہٰی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہاؤس کا محاصرہ کیے رکھا ،جس کے بعد کنجاہڑی ہاؤس کا محاصرہ ختم کردیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے سحری کے وقت پونے 5بجے کے قریب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گا ہ کا اچانک محاصرہ کر لیا ۔
پہلے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی،دروازہ نہ کھلنے پر پولیس اہلکار سیڑھیاں لگا کر رہائش گاہ کے اندر داخل ہو گئے لیکن گھر میں سوائے سیکیورٹی گارڈز اور چند ملازمین کے کوئی نہ تھا ۔ چوہدری پرویز الٰہی لاہور جبکہ کے ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہٰی اس وقت بیرون ملک ہیں ۔
پولیس مسلسل کئی گھنٹے تک چوہدری پرویز الہٰی کے گھر کے اندر اور باہر موجود رہی اور گھر کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ملازمین سے پوچھ گچھ کرتی رہی ۔
تاہم کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،چھاپے میں گجرات کے مختلف تھانوں کی پولیس نے حصہ لیا تاہم ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ یہ چھاپہ کیوں مارا گیا ۔