حیدرآباد (امت نیوز) موٹر وے کرپشن کیس میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید 30 کروڑ روپے برآمد کر لئے گئے۔ صوبائی وزیر کے فرنٹ مین عاشق کلیری کو نیب عدالت حیدر آباد پیش کرکے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے حیدرآباد سکھر موٹروے منصوبے میں اربوں روپےکی کرپشن کیس میں ملزم عاشق کلیری کی نشاندہی پر چھاپہ مارکرکروڑوں روپے برآمد کرلیے۔ حیدرآباد سکھر ایم 6 موٹروے میں سیاسی شخصیت اور سابق صوبائی وزیر کےگرفتار پرائیویٹ سیکرٹری عاشق کلیری کو نیب عدالت حیدرآباد میں پیش کرکے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ عاشق کلیری سے اس سے قبل 13 کروڑ روپے اورگزشتہ روز مزید 29 کروڑ 97 لاکھ روپے کراچی کے فلیٹ سے برآمد کیے ہیں جب کہ 2022 کے ماڈل کی پرتعیش دو مہنگی گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ نیب کا کہنا تھا کہ ملزم سے مزید ریکوری کے لیے ریمانڈ دیا جائے، ملزم کے قبضے سے 42 کروڑ روپےکی رقم برآمد کی جاچکی ہے۔ عدالت نے پانچ دن کے ریمانڈ پر ملزم عاشق کلیری کو نیب کے حوالے کردیا۔ ذرائع کے مطابق عاشق کلیری ایک اہم شخصیت اور سابق صوبائی وزیرکا فرنٹ مین ہے جس نے موٹروے منصوبے میں ہونے والی مبینہ طور پر اربوں روپےکی کرپشن کی رقم لی تھی۔