لاہور: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازکا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان سے جلد ملاقات کرکے تحفظات کروں گی۔
مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاون میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف آرگنائزر مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں مریم نواز کے تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت اور شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی گونج رہی۔
مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی
کرائی ہے۔
پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے مریم نواز نے رہنماؤں سے تجاویز بھی مانگی ہیں، عمران خان کے بیانیے پر مسلم لیگ ن اپنا ایک نیا بیانیہ سامنے لائے گی۔
اجلاس میں لیگی رہنما محمد زبیر، انوشہ رحمان، عظمیٰ بخاری، ملک احمد خان، طلال چوہدری، عابد شیرعلی، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت، کی جبکہ سوشل میڈیا کی ٹیموں کے سربراہان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
ن لیگ نے شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی تصدیق کردی
پاکستا ن مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کر دی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند روز قبل نوازشریف کو اپنا استعفیٰ لکھ دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ن لیگ میں ہی ہیں۔ پٹرول کی قیمت پر سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں ،و ہ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں ۔
یاد رہے کہ نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ مریم نوازشریف کو چیف آرگنائزر بنانے پر دیا۔