اسلام آباد ( نمائندہ امّت ) راولپنڈی پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو مری موٹروے سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید کے قبضہ سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی ہے جبکہ انہیں نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اور ان کا میڈیکل کرایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو مری موٹر وے کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ان کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر انہیں بار بار پولیس طلب کر رہی تھی تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے۔ اپنی گرفتاری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پولیس نے گھر کی کھڑکیاں دروازے توڑ دیے اور ملازمین کو بے تحاشہ مارا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے پولیس کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر معطل کردیا تھا اس کے باوجود مجھے گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے کہ انہوں نے آصف زرداری پر الزام لگایا کہ وہ عمران خان کو ختم کرانے کے لئے دہشت گردوں کی خدمات حاصل کر چکے ہیں۔اس کا مقصد پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین کو بد نام کرنا ہے۔