لاہور: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے 43 ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
دائر کی گئی درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی،الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا،ریاض فتیانہ، نصراللہ خان، طاہر صادق سمیت دیگر نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ممبران اسمبلی نے استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے،استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کرے، ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بددیانتی پر مبنی ہے۔
درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ ممبران قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گئے،اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلیے استعفے منظور کیے،استعفے منظور کرنے سے پہلے اسپیکر نے ممبران کو بلا کر موقف نہیں پوچھا ،ارکان اسمبلی کی مرضی کے بغیر استعفے منظور کرنے کااقدام غیر آئینی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔