شہیداہلکاروں کےاہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آر پی اومالاکنڈ

سوات(بیورورپورٹ) ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن سجادخان نے کہاہے کہ شہدائے پولیس کی فیملیز ہماری ہی فیملیز ہیں اوران کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود پرسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پولیس جوانوں کو تمام تر سہولیات دی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ”شہدائے پولیس ہسپتال“کے دورہ کے موقع پرکیا۔ انہوں نے کہاکہ علاج معالجے کے ساتھ ساتھ شہدائے پولیس ہسپتال میں مریضوں کو فری ادویات فراہم کی جائیں گی،

انہوں نے بتایا کہ سوات کے دیگر پرائیوٹ ہسپتالوں کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے وہ  مریض جنہیں سرجری کی ضرورت ہو یا دیگر سہولیات درکار ہو وہ بھی بروقت فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح جدید سہولیات سے آراستہ شہدائے پولیس ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔

دریں اثنا ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے کہاہے کہ ہم ملک وقوم کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس دربار سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  دربار میں ایس پی اپر سوات خان خیل خان، ایس پی ٹریفک ارشد خان سمیت دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے پولیس آفسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی افواہوں کو غلط قراردیتے ہوئے کہاکہ پولیس میں کوئی جونیئر اور سینئر کا تضاد نہیں ۔کانسٹیبل سے  آئی جی پی تک تمام پولیس آفیسرز ایک ہیں۔ پشاور سانحہ ہم سب کیلئے دکھ اور درد کا باعث ہے اور اس سانحہ میں شامل دہشت گردوں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

ڈی پی او سوات نے فوری طور پر پولیس اہلکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔