کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)بلدیہ جنوبی میں 100سے زائد غیر قانونی پارکنگ چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔پاسپورٹ آفس،بوہری بازار،مرشد بازار،نیو چالی سمیت دیگر علاقوں کی مرکزی شاہراوں اور گلیوں میں پارکنگ قائم کی گئی ہیں،لاکھوں روپے وصولی کے بعد غیر قانونی پارکنگ قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔سب سے زیادہ پارکنگ عزیز الرحمان نامی شخص کو آلاٹ کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ جنوبی غیر قانونی پارکنگ کا گڑھ بن گیا ہے، جہاں یومیہ بنیادوں پر غیر قانونی ٹھیکے من پسند افراد کو دیے جارہے ہیں جس کے عوض لاکھوں روپے بٹورنے کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ جنوبی کے علاقے پاسپورٹ آفس،صدر،کو آپریٹو مارکیٹ ،بوہری بازار،مرشد بازار،نیو چالی ،کھارادر،کتیانہ میمن اسپتال ،مڈیسن مارکیٹ ،لائٹ ہاوس اور ضلع جنوبی کے متعدد علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ سائٹس قائم ہیں۔ان مقامات کی گلیوں اورمرکزی شاہراؤں پر موٹر سائیکل اور بڑی گاڑی کی غیر قانونی پارکنگ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ جنوبی میں بیشتر قانونی پارکنگ کے ٹھیکے آکشن کے بغیر آلاٹ کیے گئے ہیں ،من پسند افراد سے لاکھوں روپے وصولی کے بعد بغیر آکشن کے ٹھیکے جاری کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی پارکنگ کے ٹھیکے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے اعلیٰ افسران کے رشتے داروں کو بھی دے رکھے ہیں ،صدر بوہری بازار کی ایک سائٹ قانونی طور پر چلائی جاری ہے جبکہ کچھ روز قبل ہی اس کے بلمقابل ایک اور غیر قانونی پارکنگ شرو ع کردی گئی ہے اور موٹر سائیکل سواروں سے یومیہ ہزاروں روپے بٹورے جارہے ہیں۔اسی طرح نعمان سینٹر کے عقب میں بھی گزشتہ دنوں غیر قانونی پارکنگ آلاٹ کی گئی ہے ،ذرائع نے بتایا کہ اہم پارکنگ سائٹس بلدیہ جنوبی کے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سمیع شیخ نے عزیر الرحمان نامی شخص کو آلاٹ کی ہیں ،بلدیہ جنوبی کی سب سے مہنگی چارجڈ پارکنگ عبداللہ ہارون روڈ موبائل مارکیٹ کی ہے ۔ مذکورہ پارکنگ بھی ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے اپنے قریبی دوست کو آلاٹ کررکھی ہے۔بلدیہ جنوبی میں غیر قانونی پارکنگ قائم ہونے سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔اولڈ سٹی ایریا کی تمام گلیوں میں غیر قانونی پارکنگ قائم ہیں جس کی وجہ سے تمام گلیاں تنگ ہوگئی ہیں ، لائٹ ہاوس اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی غیر قانونی پارکنگ قائم ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے ،اس حوالے سے امت نے بلدیہ جنوبی کے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سمیع شیخ سے رابطہ کیا تو انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا۔