پشاور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خود کش دھماکے کو ڈرون حملہ کہنا افسوس ناک تھا،دہشت گردی کو کچلنے کیلیے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر آگے بڑھنا ہو گا، اس ناسور پر قابو پانے کیلیے تمام وسائل خرچ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پشاور میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت وفاقی وزرا، کور کمانڈر، انسپکٹر جنرل پولیس(آئی جی پی ) خیبر پختونخوا اور دیگر اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند سال قبل دہشت گردی پر قابو پا لیا تھا، قوم سوال کر رہی ہے کہ اس ناسور نے دوبارہ کیوں سر اٹھایا، واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر الزامات تکلیف دہ تھے، خود کش دھماکے کو ڈرون حملہ کہنا افسوس ناک تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے 417 ارب دیئے گئے، ان کا احتساب ہونا چاہیے،اگرآدھے فنڈز بھی درست مقاصد کیلئے استعمال کئے جاتے تو خیبر پی کے کے عوام چین کی نیند سوتے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود دہشت گردی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ اختلافات بھلا کر ہم نے قوم کو یکجا کرنا ہے، ہمیں ہر طرح کے اختلافات کو ایک طرف رکھ دینا چاہیے۔