کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سابق کپتان شاہد آفریدی کی چھوٹی صاحبزادی انشا آفریدی کیساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔
شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کا نکاح ڈی ایچ اے کی مقامی مسجد میں پڑھایا گیا،نکاح کی تقریب میں قریبی رشتے دار شریک ہوئے۔ پاکستانی فاسٹ بولر اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کے ہمراہ نکاح کے لیے پہنچے۔
شاہین شاہ آفریدی اپنے نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ دو روز قبل کراچی آئے تھے۔
دوسری جانب نکاح کی خوشی میں شاہد آفریدی کی جانب سے جمعہ کی شب مقامی کلب میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں انکے عزیز و اقارب کے علاوہ قومی کرکٹرز اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
انشا آفریدی کی رخصتی ان کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئے گی، واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصا کی شادی گزشتہ ماہ نصیر ناصر خان سے انجام پائی تھی