اسلام آباد(امت نیوز) حکومت نے آئی ایم ایف کو آئندہ ہفتے ریونیو بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد سگریٹ،کولڈڈرنکس اور فضائی ٹکٹ سمیت مختلف چیزوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو آئندہ ہفتے ریونیو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس میں سگریٹس اور فضائی ٹکٹ پرٹیکس بڑھانےکی تجویز ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فضائی ٹکٹ پر17 فیصدفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور مہنگےسگریٹس پر 50 پیسے فی اسٹک ایکسائز ڈیوٹی بڑھانےکی تجویز ہے جب کہ انرجی ڈرنکس پر ٹیکس بڑھانے اور بینکوں کی آمدن پر لیوی لگانے کی تجویز ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی میں مزید اضافہ کرکے اس پر 17 سے 18 فیصد جی ایس ٹی کی بھی تجویز ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کیلئے بڑے خطرات کی نشاندہی بھی کردی۔
آئی ایم ایف نے معاشی اصلاحات میں تاخیر، قرضوں، مہنگائی میں اضافہ، زرمبادلہ ذخائرمیں کمی کو پاکستانی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان کے موجودہ معاشی و مالی مشکلات کی بڑی وجہ قرض پروگرام پر مؤثر عمل نہ ہونا ہے۔