اسلام آباد(اُمت نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کےموقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کیساتھ ہر سال 5فروری کو اظہار یکجہتی کرتے ہیں
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسائل جموںو کشمیر کاتنازع ہے۔ بھارت نے جموںو کشمیر پر 75 سال سے نا جائز قبضہ کررکھا ہے۔
ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ۔5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات نےحالات مزید خراب کردیئے ہیں۔
پاکستان اور کشمیریوں نے ان غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کومسترد کر دیا ہے۔ بھارت نے کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کو ڈھٹائی سے نشانہ بنایا ہے۔
غیر قانونی طور پر مقبول کشمیری سیاسی قیادت کو نظر بند کیا گیا ہے ۔میڈیا پر پابندی لگا دی گئی ہے اور علمائے کرام کوجیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔
ایسے سخت قوانین کشمیری عوام کی بنیادی آزادیوں سے انکار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبادیاتی تبدیلیاں لانے کی مہم میں تیزی شروع کردی ہے۔تاکہ کشمیریوں کو ان کی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کر سکیں۔ بھارت جو اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔بھارتی قابض افواج کشمیریوں کے حوصلے کو توڑ نہیں سکتی ، نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کےساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
بھارتی جبر سے آزادی تک ہم ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔ تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پرپاکستان بھی اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور IIOJK میں ہندوستان کے وحشیانہ اقدامات کو اجاگر کرتا رہے گا۔