چنائے: بھارت میں 80 کی دہائی میں 19 زبانوں میں گیت گانے والی مقبول گلوکارہ وانی جےرام گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کے گھر کام کرنے والی ماسی نے صبح بار بار گھنٹی بجانے کے باوجود دروازہ نہ کھولنے پر وانی جے رام کی بہن کو بلایا جن کے پاس گھر کی چابی تھی۔
اہل خانہ ڈپلی کیٹ چابی کی مدد سے دروازہ کھول کرجب گھر میں داخل ہوئے تو گلوکارہ فرش پر گری ہوئی تھیں، ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔
گلوکارہ وانی جے رام کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ گلوکارہ نے خودکشی کی یا وہ حادثاتی طور پر گر کر ہلاک ہوگئیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے 19 زبانوں میں گیت گانے والی گلوکارہ وانی جے رام نے 1971 میں کیریئر کا آغاز کیا اور تین بار بھارت کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ انھوں نے تقریباً 10 ہزار سے زائد گیت گائے۔