مختلف اسکولز، کالجز کے طلبا و طالبات، اساتذہ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فائل فوٹو
مختلف اسکولز، کالجز کے طلبا و طالبات، اساتذہ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فائل فوٹو

یوم یکجہتی کشمیر پرکوہالہ پل پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر

کووہالہ(نوید اکرم عباسی ) ملک بھر کی طرح کوہالہ پل پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے عظیم الشان تقریبات کاانعقاد کیا گیا۔ کوہالہ کے تاریخی پل پر انسانوں ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ کوہالہ کی سرزمین تحریک آزا دی کشمیر اور پاکستان کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔

کوہالہ سے سرکل بکوٹ ایبٹ آباد کوہ مری آزاد کشمیر کے اضلاع باغ اور مظفر آباد کے مختلف اسکولز، کالجز کے طلبا و طالبات، اساتذہ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پل کے دونوں اطراف بسنے والے بکوٹ بیروٹ مولیا ۔کوہالہ دانگلی مناسہ برسالہ کے لوگوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیریوں کی تحریک آزا دی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف جاری جدو جہد کی غیر مشروط و غیر متزلزل حمایت کا بھی یقین دلایا۔

مسئلہ کشمیرو فلسطین کے حل تک دنیا کو امن نصیب نہیں ہو گا۔لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ امریکہ نے بیس سال تک افغانستان میں بھارت کی سرپرستی کی حیرت ہے کہ افغان مسلمانوں کی امریکا کے خلاف فتح کو اسلام آباد میں تسلیم نہیں کیا جا رہا۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کے خلاف مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ان سے کہنا چا ہتے ہیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا دنیا کو امن نصیب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری قیادت کو اور شہدا  کے وارثوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ حکمران چاہے جتنی بزدلی دکھائیں پاکستان کے عوام آپ کی پشت پر کھڑے رہیں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب سرینگر میں سبز ہلالی پرچم  لہرائیں گے۔

فوٹو امت
فوٹو امت

ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کوہالہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو، مشیر  برائے بحالی و تعمیر نو  وزیر اعلیٰ سندھ غلام بخش چانڈیو، صوبائی وزیر خیبر پختونخواہ بخت نواز خان تھا کوٹ، چیئرمین معائنہ وعمل در آمد کمیشن آزا دکشمیر راجہ منصور خان، سیکریٹری جنرل جے یو آئی آزاد کشمیر مولانا امتیاز عباسی، سابق ضلعی امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد ساجد قریش عباسی سابق امیدوار اسمبلی جماعت اسلامی راجہ خالد محمود، رہنما تحریک انصاف آزا دکشمیر توصیف عباسی، صدر دہیرکوٹ با ر سید امجد گردیزی، راجہ مہتاب اشرف، ملک امان خان ڈسٹرکٹ کونسلر ضلع مظفر آباد  و رہنما مسلم کانفرنس، راجہ شیش خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

خطاب کے دوران مشیر وزیر اعلیٰ سندھ غلام بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ میں چیئر مین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  کی جانب سے کشمیری عوام کے جذبہ آزا دی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حاضر ہوا ہوں۔ ہم کشمیری دریاؤں کا پانی پیتے ہیں ہمارے خون میں کشمیریوں سے محبت اور ان کے لیے قربانی کا جذبہ موجود ہے ہم ان کے پانی سے نمک حلالی کریں گے۔

صو بائی وزیر خیبر پختونخوا بخت نواز خان تھاکوٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے آباء و اجداد نے جہاد کشمیر میں حصہ لیا۔ خیبر پختونخواہ کا بچہ بچہ، مر د و زن کشمیریوں کے ساتھ کھڑ ا ہے اور کسی صورت ان کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کشمیر اور پاکستان کی مثال جسم میں ہڈی اور گوشت کی طرح ہے دونوں ایک دوسرے سے کبھی جدا نہیں ہو سکتے۔ آخر میں کمشنر پونچھ ڈویژن نے مہمانوں کو آمد پر خوش آمدید اور شکریہ ادا کیا۔