حکومتی نمائندے بیانات کےبجائے میدان عمل میں آئیں ۔یکجہتی کشمیرکانفرنس

اسلام آباد (امت نیوز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اقوام عالم میں کشمیریوں کی کی آواز بھرپور اندازسے بلند کر ے گی،کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دینا ہمارا فرض ہے،حکومتی نمائندوں کو بیانات سے آگے بڑھ کر متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے ممالک کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے،قرآن مجید کی بے حرمتی پر ہر صاحب ایمان اور انسان غمزدہ ہے،اگر اسلام آباد کے حکمرانوں نے اس مسئلے پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر اسلا م آباد کی ہر گلی کی سطح پر آواز بلند کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد ریجن چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ،جنرل حمید گل کی بیٹی عظمیٰ گل،مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق،جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم،سیکرٹری اطلاعات آل پارٹیز حریت کانفرنس امتیاز وانی،مسلم ویمن لیگ اسلام آباد کی رہنما مسز شہلا شفیق،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ،بشپ آف پاکستان بشپ نذیرعالم،عالمی تحریک پنجتن پاک کے سربراہ پیر عظمت سلطان،جنرل سیکرٹی سی ڈی مزدور یونین چوہدری یاسین،تاجر رہنما یاسر عرفات بٹ،انعام الرحمان،محمد نواز چیمہ،باروز خان، طلعت عباسی،عاصم علی،نعمان اشرف،،طاہر اسلم،مظفر اقبال ہاشمی،راجہ شیراز کیانی،عاطف جمیل بٹ ودیگر نے نیشنل پریس کلب کے باہر عظیم الشان حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

کانفرنس میں شہر بھر سے ہزاروں مرد،خواتین اور بچوں نے شرکت کی،اسلام آباد بھر سے مرکزی مسلم لیگ کی یوسی صدور کی قیادت میں قافلے پنڈال میں پہنچے جہاں پنڈال پہنچنے پر شرکاء کی جانب سے پرجوش نعرے بازی کی گئی،پنڈال میں خواتین اور بچوں کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی تھی۔صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد ریجن چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا ہم قرآن مجید کی حرمت اور کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،قرآن مجید کی بے حرمتی بدترین دہشتگردی ہے جس پر ہر صاحب ایمان تکلیف میں ہے،قرآن مجید کو ماننے والے قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کا سدباب چاہتے ہیں۔کشمیری قائدین اور شہید کشمیر نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بلند کرے گی۔

سابق آئی ایس آئی چیف جنرل حمید گل مرحوم کی بیٹی اورجموں کشمیر سالیڈرٹی موومنٹ کی چیئرپرسن عظمیٰ گل کا کہنا تھا کہ کشمیر ی ہم سے بڑھ کر سچے پاکستانی ہیں،کشمیر بنے گا پاکستان ہمارا نہیں کشمیریوں کا نعرہ ہے،کشمیریوں کو آزادی نہ ملنا کشمیریوں کے وکیل پاکستان کی نااہلی ہے،یوم یکجہتی کشمیر منانا ہی کافی نہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کا کہناتھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے قائدین کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں،کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل بھی ظلم وبربریت کیا اور آج بھی ہندوستان کے ظلم وبرریت کے سامنے برسرپیکار ہیں،کشمیری قائدین نے اپنی پوری پوری زندگی جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے وقف کر دی،سید علی گیلانی کو قریب المرگ حالت میں بھی نہایت ظلم کا سامنا رہا،اب انقلاب اور مزاحمت ہی کا راستہ ہے۔جماعت اسلامی کے نائب امیرمیاں اسلم کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کی میتیں پاکستانی پرچم میں دفنا کر یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان کا حصہ ہیں،کرکٹ میچ میں بھارت کی ہار پر کشمیرکی ہر گلی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں۔

بشپ آف پاکستان بشپ نذیر کا کہناتھا کہ مسیحی برادی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے،مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام اس پروگرام میں مسیحی برادری کی بڑی تعداد شریک ہے اور اس امن دشمن واقعہ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں،سیکرٹری اطلاعات آل پارٹیز حریت کانفرنس امتیاز وانی کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کو پاکستان سے بے پناہ محبت ہے،ہمارا ہر نوجوان پاکستان کے پرچم میں دفن ہونے کی وصیت کیساتھ شہید ہوتاہے،پاکستان کے ہر نوجوان کو چاہئے کہ وہ ہماری آواز اقوام عالم تک پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کریں۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ،عالمی تحریک پنجتن پاک کے سربراہ پیر عظمت سلطان،جنرل سیکرٹی سی ڈی مزدور یونین چوہدری یاسین،تاجر رہنما یاسر عرفات بٹ،انعام الرحمان،محمد نواز چیمہ،باروز خان، طلعت عباسی،عاصم علی،نعمان اشرف،،طاہر اسلم،مظفر اقبال ہاشمی،راجہ شیراز کیانی،عاطف جمیل بٹ ودیگر مقررین کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حرمت قرآن ویکجہتی کشمیر کیلئے آواز اٹھانے پر مرکزی مسلم لیگ کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر مسئلے پر عوام پاکستان اور امت مسلمہ کی آواز بنی ہے،کشمیریوں کی آواز بننا ہمارا قومی دینی اور ملی فریضہ ہے