اسلام آباد:سپریم کورٹ نے اسلامی نظریاتی کونسل کیخلاف آئینی درخواست خارج کردی ۔
سپریم کورٹ میں اسلامی نظریاتی کونسل کیخلاف آئینی درخواست پر سماعت ہوئی،وکیل خواجہ احمد حسین نے اسلامی نظریاتی کی تحلیل کیلیے درخواست دائر کی تھی ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔
وکیل درخواست گزارنے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کی کوئی آئینی حیثیت ہے نہ اتھارٹی،اسلامی نظریاتی کونسل اپنی فائنل رپورٹ1996 میں پارلیمنٹ کودے چکی ، آرٹیکل 230(4 )کے تحت کونسل نے ملکی قوانین کا اسلامی تعلیمات میں جائزہ لیناتھا،پارلیمنٹ میں حتمی رپورٹ کے بعد کونسل کو تحلیل ہونا چاہیے ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے ملکی قوانین کا جائزہ لےکر رپورٹ دی ، کونسل نے ماضی کے قوانین کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جائزہ لیا، مستقل کے قوانین کا جائزہ لینے کیلیے اسلامی نظریاتی آئینی باڈی ہے۔
وکیل نے کہاکہ مستقل کے قوانین کی شرعی حیثیت کا جائزہ اب وفاقی شرعی عدالت لے سکتی ہے ،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے وجود سے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں ۔عدالت نے درخواست گزار کو سننے کے بعد درخواست خارج کردی۔