کراچی: اتحاد ٹائون میں اسٹیل ملز کے نام پرآلودگی پھیلانے والے 6 سے زائد کارخانے بند کرادیے گئے ۔ پرانے ٹائروں اور دھاتیں پگھلانے سے مکینوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے منگل کی صبح سویرے کسی پیشگی اطلاع بغیر ضلع کیماڑی کے اتحاد ٹاؤن میں واقع دھاتیں پگھلانے والے کارخانوں کا دورہ کیا اور آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کی بندش کے موقع پر ہی احکام جاری کردیے۔
ڈی جی سیپا ضلع کیماڑی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیر عباسی کے ہمراہ جب اتحاد ٹاؤن پہنچے تو وہاں عبدالرشید اسٹیل، ایس جے اسٹیل، اے جے اسٹیل، آمنہ اسٹیل اور ندیم اسمیلٹنگ یونٹ سمیت متعدد کارخانہ دھاتیں پگھلانے کے لیے پرانے ٹائر، پلاسٹک، پرانے جوتے اور کپڑے بطور ایندھن جلاتے ہوئے پائے گئے جس سے اطراف میں دھویں کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے۔
ڈی جی سیپا نے موقع پر ہی حد سے زیادہ آلودگی پھیلانے والے اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرنے والے کارخانوں کی فوری بندش کے احکام صادر کیے جبکہ معمولی سطح کی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کو وضاحت دینے کے لیے اپنے دفتر طلب کرلیا کہ وہ آکر بتائیں کہ ان کے خلاف بھی بندش کا حکم کیوں نہیں جاری کیا جائے۔
ڈی جی سیپا نے موقع پر موجود کارخانہ مالکان و ملازمین سے کہا کہ پیداوار کی لاگت بچانے کے لیے ماحول دشمن ایندھن کے استعمال پر پابندی ہے اس لیے کوئی بھی پیداواری یونٹ ایسا کرتا پایا تو اس کو بند کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ اور انسانی صحت کی حفاظت سے بڑھ کر کچھ نہیں اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔