کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے چوری کے بعد سیکورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے ۔ چوری کے الزام میں 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے واٹر بورڈ کے سیکورٹی اہلکار تعینات کردیے، اس ضمن میں سی ای او واٹر بورڈ کے احکامات پر چیف سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ نثار احمد مگسی اور میجر عبدالمجید اعوان (ر) کی سربراہی میں پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر آپریشن کیا گیا، کاروائی کے دوران 12 ملزمان کو موقع پر ہی حراست میں لیکر پاک کالونی تھانہ پولیس کے حوالے کردیا، واٹر بورڈ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا جائے گا، اس موقع پر سی ای او واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کے تمام تنصیبات اور اراضی پر کسی کو بھی چوری یا قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی انکا کہنا تھا کہ چوری میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہے جبکہ چوری میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔