پنجاب کےکئی شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت کے پیش نظر پیٹرول پمپس بند کر دئے گئےہیں۔
اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔ شکر گڑھ،خوشاب،گوجرہ، منڈی بہاء الدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں ۔کئی پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند ہے جبکہ چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپے کا جبکہ گاڑی والوں کو 500 روپے سے زیادہ کا پیٹرول نہیں دے رہے۔ دوسری طرف پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ یکم فروری سے قبل بھی پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی تاہم وزیر خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے فوری بعد ہی یہ مصنوعی قلت ختم ہوگئی تھی۔