ایف آئی اے نے بد نام زمانہ نیٹ ورک کا سرغنہ گرفتار کر لیا

کراچی( رپورٹ: عمران خان ) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسا دے کر کروڑوں روپے بٹورنے والے بدنام زمانہ نیٹ ورک کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔ ملک بھر میں گلوبل سٹیزن شپ سلوشن کے نام سے کمپنی چلا کر لوگوں کو لوٹنے والے ملزم ذوالقرنین نے گرفتاری کے دوران شدید مزاحمت کی اور اس کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور بلال خان کی ہدایت پر ایس ایچ او وقار اعوان نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملزم کو گرفتار کرنے کےبعد ایف آئی اے دفتر منتقل کیا اور اس کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے شواہد حاصل کرنے کے لئے فارنسک چھان بین کے لئے ارسال کردئیے گئے۔ ملزم کے اثاثوں کی چھان بین کے لئے ذوالقرنین اور ساتھیوں کے ناموں اور اہل خانہ کے نام پر موجود بینک اکاوئنٹس اور منقولہ جائیدادوں کا ریکارڈ حاصل کرنا شروع کردیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے بقول ملزم ذوالقرنین نے خلاف لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں کئی متاثرہ شہریوں کی درخواستیں موجود ہیں جس پر انکوائریاں جاری ہیں جبکہ ایک مقدمہ اسلام آباد میں ماجد عباسی اور دیگر کی مدعیت میں درج ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم گزشتہ برسوں میں میڈیا اور سرکاری اداروں میں موجود بعض شخصیات کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر کنسلٹنسی کا کام چلا رہا تھا۔ ان کے نئے طریقہ واردات میں شہریوں کو نہ صرف بیرون ملک مستقل بنیادوں پر شفٹ کرنے کے ساتھ ہی رہائش اور کاروباری ویزے دلوانے اور جائیدادوں کی خریداری کا پورا پیکج کا جھانسا دیا جاتا تھا۔ جس کے لئے رقوم لاکھوں کے بجائے کروڑوں تک بنتی ہین۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔