کراچی(اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے کورنگی میں کارروائی کے دوران گریس کے ڈرموں میں چھپائی گئی 254 کلوگرام کیٹامائن قبضے میں لے لی۔ ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ کورنگی کے قریب خفیہ اطلاع پر ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران ایک مشکوک گاڑی سے 254 کلو گرام کیٹامائن برآمد کرلی گئی، برآمد شدہ کیٹامائن گریس ڈرموں میں چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کیجا رہی تھی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری دیگر کامیاب کارروائیوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران پشین یارو کے دوردراز پہاڑی علاقے سے 136 کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی جبکہ تربی کے قریب زیر تعمیر مکان سے 200 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ باچا خان ائرپورٹ پشاور پر شارجہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 3 ہیروئن جبکہ ایک چرس سے بھرا کیپسول برآمد ہوا۔ملتان ائرپورٹ پر ملکی نجی ائر لائن کی پرواز کے ذریعے شارجہ جانے والے مسافر سے ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد کیے گئے، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔