امن و امان کے پیش نظر الیکشن کا انعقاد مشکل ہے ،چیف سیکریٹری پنجاب

اسلام آباد(امت نیوز) چیف سیکریٹری پنجاب نے امن و امان کی صورت حال  کے پیش نظر الیکشن کا انعقاد مشکل قرار دےدیا

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب پیش ہوئے اور صوبے میں ممکنہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے جواب جمع کرایا۔

جواب میں چیف سیکریٹری نے صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ علیحدہ الیکشن پر اخراجات دگنے ہوجائیں گے اور سیکیورٹی کی فراہمی بھی مشکل ہوگی جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلیے 42 ارب روپے درکار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے افسران مصروف ہوتے ہیں، مارچ میں مردم شماری ہورہی ہے جبکہ صوبائی حکومت کو بھی مالی خسارے کا سامنا ہے، الیکشن کیلیے چار لاکھ سے زائد نفری درکار ہے۔ کمی کو پورا کرنے کیلیے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات ناگزیر ہیں۔