ایبٹ آباد (طارق خان جدون ) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر ، سابق وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی ہے تاہم ایبٹ آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں انہوں نے اپنی ہی جماعت کے طرزحکومت، پالیسیوں اور تنظیمی فیصلوں کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دئیے ہیں۔
بدھ کے روز کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مہتاب احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ھے اس پر ہمیشہ مخصوص ٹولہ قابض رہا ہے جس نے محمد خان جونیجو مرحوم جیسے شریف اور ایماندار شخص کو بھی معاف نہ کیا ۔ اب وقت آگیا ھے کہ عوام کو ان کی مرضی کے مطابق ملک چلانے دیا جائے ۔سردار مہتاب کا کہنا تھا ملک خطرناک دور سے گزر رہا ہے۔نواز لیگ سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا، اپنی نوجوانی اس ملک کو دی۔اس پارٹی نے مجھے جو عزت اور مقام دیا اسے میں نے ماتھے کا جھومر بنایا ،مگر آج مسلم لیگ کو جان بوجھ کر تباہ کردیا گیا ۔ آج پاکستان کو معاشی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا گیا ہے اور موجودہ حالات میں اس کی بڑی ذمہ داری شہباز حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتیں تو دامن بچا لیں گی ، مگر آنے والے وقت میں ساری بدنامی شہبازشریف کے حصے میں آئے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔آٹا ڈیڑھ سو روپے کلو پرپہنچ گیا ۔ہمارا وزیر منہ کالا کر کے آئی ایم کے ملازمین کے سامنے ہاتھ باندھے بیٹھا ہے۔ بدترین معاشی حالات میں 80 رکنی کابینہ کا کیا جواز ہے ؟انہوں نے کہا پارلیمنٹ ملک کی نمائندگی نہیں کر رہی۔ پی ٹی آئی کی ناکام حکومت کو عدم اعتماد لا کر اس جماعت کو مضبوط کیا گیا۔ سردار مہتاب نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ کے پی کی قیادت نے پیسے کمانا شروع کر دئیے ہیں۔ان پالیسیوں کی وجہ سے نواز لیگ کا کے پی، سندھ اور بلوچستان سے خاتمہ ہو چکا ہے۔ سردار مہتاب خان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات اس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ مسلم لیگ نواز میں اب سب سے زیادہ متکبر لوگ ہیں۔ کے پی کی قیادت نہ بدلی تو مسلم لیگ کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے آج ایبٹ آباد دورہ کے موقع پر کارکنان کو ہدایت کی ہے ان کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کرنا۔ سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ کوئی ھماری عزت کرے یا نہ کرے ھماری روایات ہیں کہ کوئی مہمان آئےتو اس کی عزت میں کمی نہیں کرنی۔ مریم نواز شریف کی بیٹی ھے اور نواز شریف نے ھمیشہ ایبٹ آباد کو عزت دی مگر اس وقت مسلم خیبر پختون خواہ کو ایک نااہل ٹولے کے سپرد کیا گیا ہے ، جس نے جماعت کو تباہ کر دیا اس صوبائی قیادت کی موجودگی میں مسلم لیگ دھڑے بندی اور تباہی کی طرف جارہی ھے۔ فوری طور پر مسلم لیگ کی صوبائی قیادت کو فارغ کرکے حقیقی کارکنوں کو عزت دی جائے ۔