اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاہےکہ زیادہ سے زیادہ 90 اور کم سے کم 35 دن میں الیکشن ہو سکتے ہیں، ہم تو چاہتے ہیں کہ رمضان سے پہلے الیکشن کرا دیئےجائیں
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ہے، اگر چیف الیکشن کمیشن، صوبائی حکومتیں الیکشن کا اعلان نہیں کرتیں تو آئین کی خلاف ورزی ہو گی، اگر چیف الیکشن کمیشن اعلان نہیں کریں گے تو صدر مملکت اعلان کر سکتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 90 دن سےآگے نہیں جا سکتے، اگر 90 دن سے انتخابات آگے جائیں گے تو مطلب آئین توڑنا ہو گا، آئین توڑنے کی سزا واضح ہے
پی ٹی آئی رہنما کا کہناتھاکہ ہمارے 43 ایم این ایز واپس اسمبلی میں آ گئے ہیں، ہم اپنا اپوزیشن لیڈر سامنے لائیں گے۔ باقی ممبران کے لیے بھی پٹیشن دائر کریں گے، ہمارے استعفےدینے کا مقصد الیکشن کی طرف جانا تھا، عام الیکشن کی طرف جانا چاہئے۔