ترکیہ(اُمت نیوز) ترکیہ میں زلزلے کے بعد استنبول اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 سالوں میں پہلی مرتبہ اسٹاک ایکسچینج کو پانچ روز کیلئے بند کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ، ٹرانزیکشنز انتہائی کم ہوجانے کے بعد 8 فروری سے بندش کے باعث کیے گئے
تمام تجارتی سودے منسوخ تصور کیے جائیں گے اوریہ بندش 14 فروری کی شام تک جاری رہے گی۔
ترک حزب اختلاف کے رکن اسمبلی مورات باکن نے اپنے رد عمل میں کہا کہ صرف کاروباری بندش کا اعلان کافی نہیں ہے، زلزلے کے روز سے ہونے والے تمام تجارتی سودے اسٹاک ایکسچینج کو منسوخ کردینے چاہیے۔
اپنے ٹوئٹ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کے فیصلے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق یا اب تک مدد کے منتظر 5 لاکھ سے زائد چھوٹے سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ مل سکے گا
جنہیں اس وقت انٹرنیٹ تک رسائی بھی حاصل نہیں ہے۔
آخری مرتبہ 1999 میں آنے والے زلزلے کے بعد استنبول اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار بند کیا گیا تھا، زلزلے میں 17 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ پیر کے روز ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے میں اب تک 11 ہزار سے زائد لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں