اسلام آباد، مری:سول جج مری نے پولیس کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کردی۔
سول جج مری نے شیخ رشید کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا سول جج مری محمد ذیشان نے دلائل سننے کے بعد کے بعد فیصلہ سنا دیا،
مری پولیس نے شیخ رشید کوسول کورٹ میں پیش کیا اور 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی،مری پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید سے مقدمے سے متعلق تفتیش کرنی ہے اور کچھ ریکوریز کرنی ہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی کہ شیخ رشید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے،عدالت نے مری پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پراڈیالہ جیل بھیج دیا ۔
قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی،عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کےبعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پھر مسترد کردی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ شیخ رشید کے وکلا سردار عبد الرازق اور انتظار پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی مقدمہ کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل سردار عبد الرازق نے ضمانت کی درخواست پر دلائل کا آغاز کیا اور ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے تیار کردہ سازش کے تحت بیان دیا۔ شیخ رشید پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔
پراسیکیوٹر عدنان نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس معطل کیا، مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا۔ مقدمے کے دوران تفتیش کرناقانون کے مطابق ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے روکابھی نہیں۔ شیخ رشید کے وکلا نے کیس سے ملزم کو خارج کرنے کے مطابق دلائل دیے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جس میں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کے الزام کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران مخالف وکیل کی جانب سے "مسخرہ "کہنے پر ان کے وکلا نے اعتراض اٹھا دیا۔
واضع رہے شیخ رشید کیخلاف تھانہ مری میں مقدمہ درج تھا، گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کیا تھا۔