انٹر بورڈ نے 2008کے امیدواروں کو امتحان کا آخری موقع دیدیا

کراچی: انٹر بورڈ نے 2008کے امیدواروں کو امتحان میں بیٹھنے کا آخری موقع دیدیا ۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے 2008ء میں آخری موقع ختم ہونے والے انٹر کے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کیلیے مزید مواقع دینے کے فیصلے کی روشنی میں تمام گروپس سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے ایسے امیدواروں کو خصوصی فیس کے ساتھ سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم 6 ہزار روپے امتحانی فیس کے ساتھ 17گریڈ کے گورنمنٹ افسر سے ضروری تصدیق کے بعد بروز جمعہ 10 فروری سے بروز جمعرات 30 مارچ 2023ء تک بورڈ آفس کی لائبریری میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔

طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم کی فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کرواسکتے۔

طلبا جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کرلی جائے گی۔

طلبا امتحانی فارم، اسپیشل چانس کا پروفارما اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ [email protected] سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔انٹربورڈ نے ایسے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی، انرولمنٹ/ رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی لگانا ضروری ہے۔