ملتان: الیکشن کمیشن آفس میں ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس خارج کرتے ہوئےعدالت نے تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہرہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ملتان مجسٹریٹ نے مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور دیگر کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے رہنما ن لیگ طارق رشید، ملک انور سمیت دیگر کارکنان کی بھی رہائی کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کے تمام ملزمان کو باعزت بری کردیا اور ملزمان اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں جھگڑا ہوا، اس دوران ایک دوسرے پر گملوں سے حملہ کیا گیا تھا۔