اسلام آباد(امت نیوز)ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے جانے والی پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے 24گھنٹے میں مزید 17 لاشیں ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کردیں۔
پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ صوبے ادیامان میں ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے دستے منفی 8 ڈگری درجہ حرارت کے باوجود ریسکیو سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے زندہ افراد کا 3 مقامات پر تعین کر لیا، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ترک عوام کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے مجموعی اموات 17 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں، ترکیہ اور شام میں پیر کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیاتھا۔