اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما اور نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہاہے کہ ہم نے ووٹ کو اس دن بے عزت کر دیا تھا جس دن اپنا ووٹ باجوہ کو ایکسٹینشن کیلیے دیا۔
کیپٹن(ر) صفدر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ وفاداری تبدیل نہیں کرنی چاہیے ، جس کے ساتھ ہو اس کے ساتھ کھڑے رہو، گرم پانی ہے یا ٹھنڈا، جیل ہو ، ایڈیالہ ہو یا نیب جس کے ساتھ کھڑے ہو کھڑے رہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی جیتو تم عمران کے ٹکٹ پر، تمہیں جہاں اقتدار نظر آئے ادھرآ جاﺅ، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ بہت مضبوط تھا ۔ہم نے ووٹ کو اس دن بے عزت کر دیا جس دن اپنا ووٹ باجوہ کو ایکسٹینشن کیلیے دیا، ووٹ کو عزت دو کا نظریہ اب نہیں چلے گا ہم نے اسے دفنا دیاہے،مائنس پرویز رشید جس نے بھی ایکسٹینشن کیلیے ووٹ دیا وہ مجرم ہے ۔یہ کوئی بات ہے آپ لیڈر کے سامنے کھڑے نہ ہوں، سارے لالچی ہو ں کہ ٹکٹ مل جائے ، چاپلوسیاں کر لیں ۔
صحافی کے اس سوال پر کہ” کیا میاں صاحب کو یہ کہنا چاہیے تھا کہ ایکسٹینشن کیلیے ووٹ دیں؟”کیپٹن (ر) صفدر نے جواب دیا کہ میاں صاحب کو یہ نہیں کہنا چاہیے تھا کہ کوئی شخص ہے جس نے نوازشریف کو ورغلایا ، نوازشریف کو بتانا چاہیے کہ کس نے یہ غلط فیصلہ کروایا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے جھوٹ بولا گیا فراڈ کیا گیا حالانکہ نوازشریف نے للکارا تھا۔ اگر حکومت نہ لیتے تو ملک سری لنکا بن جاتا صوبائی الیکشن نہیں ہونے چاہئیں ، ملک کے حالات ایسے نہیں اربوں روپے الیکشن پر لگیں گے، میں کہتاہوں کہ الیکشن اکٹھے سال 2025 میں کرائیں ۔