اسلام آباد (امت نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور عالم اسلام کی مشہور درسگاہ مصر کی جامعہ الازھر کے مابین گزشتہ روز مفاہمت کی یاداشت پردستخط ہوئے
معاہدے کے مطابق تعلیم و تحقیق، فیکلٹی اور طلبہ کے ایکسچینج پروگرامز کے لئے مشاورت کی جائے گی اور مل کر کام کیا جائے گا۔علاقائی زبانیں سیکھنے کے لئے جامعہ الازھر کے فیکلٹی ممبرز اور طلبہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کرسکیں گے اور اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز اور طلبہ جامعہ الازھرکا دورہ کرسکیں گے۔
معاہدے کے مطابق مستقبل میں دونوں جامعات مشترکہ ڈگری پروگرام شروع کریں گے اور ایک دوسرے کی یونیورسٹیوں سے فیکلٹی ممبران پی ایچ ڈ ی اور پوسٹ ڈاک کرسکیں گے۔
معاہدے کی دستاویزات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے جبکہ دوسری جانب سے مصر کی جامعہ الازھرکے وائس چانسلر،پروفیسر سلامہ جمعہ داؤدنے دستخط کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیمی معیار میں اضافے کے لئے فیکلٹی ممبران کی تربیت ضروری ہے جس کے لئے بین الاقوامی جامعات کے ساتھ معاہدوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔دستخطوں کی تقریب کے موقع پر شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید بھی موجود تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔