سوات(بیورورپورٹ) سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔ کھمبے گرنے سے بیشتر علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ۔ اسریت اور جاخ کے مقامات پر بھاری گلیشئرزگرنے سے کالام روڈ ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگیا ۔ سیکڑوں سیاح کالام سمیت دیگر علاقوں میں پھنس گئے
جمعرات اور جمعہ کی شب کالام سے بحرین کے درمیانی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برف پڑنے کے باوجود مقامی انتظامیہ اور ٹھکیدار غائب رہے۔ جس کے باعث ملک بھر سے آئے ہوئے سیاحوں اور مقامی افراد کی سیکڑوں گاڑیاں رات بھر پھنسی رہیں،خواتین اور بچے شدید سردی سے ٹھٹھرتے رہے لیکن انہیں نکالنے کے لئے کوئی مدد کو نہیں پہنچ سکا۔
رات بھر ٹریفک میں پھنسے ہوئے قاری محمد بلال نے بتایا کہ شدید سردی اور برفباری کے باوجود بھی کوئی مدد کو نہ پہنچا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہی گاڑیوں کو دھکے لگاکر منزل کی طرف جاتے رہے اور صبح تک لوگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
تحصیل بحرین میں اسریت اورجاخ کے مقام پر بھاری گلیشئرز گرنے سے کالام روڈ مکمل طورپر بلاک ہوگیا ہے اور دونوں طرف مسافرگاڑیوں سمیت سیاحوں کی گاڑیاں بھی پھنس چکی ہیں لیکن روڈ کی بحالی کے لئے بھاری مشینری کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ۔ مقامی ٹورسٹ گارڈنصراللہ نے بتایا کہ کالام روڈ پربحالی کے لئے صرف ٹریکٹر نظر آرہے ہیں لیکن وہ ناکافی ہیں کیونکہ گلشیئرز ہٹانے اور روڈ کی صفائی کے لئے بھاری مشینری کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب تحصیل مٹہ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث بجلی کے کھمبے گرگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں گزشتہ دو رروز سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔
بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہوکررہ گئے ہیں