سینئیر وزیرسردارتنویرکابینہ کےپہلےاجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔فائل فوٹو
سینئیر وزیرسردارتنویرکابینہ کےپہلےاجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔فائل فوٹو

وزیراعظم آزاد کشمیر کو شوکاز نوٹس دینے کافیصلہ

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو صحافی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزیوں پر سردار تنویرالیاس کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے پارٹی رہنماؤں سے اس معاملے پر مشاورت کی ہے۔

پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم نے سردار  تنویر الیاس کے الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ صحافی کو سخت سے سخت سوال پوچھنے کا حق آئین اور قانون دیتا ہے ، تنویر الیاس کے الفاظ پر پی ٹی آئی کا ہر کارکن اور  رہنما شرمندہ ہیں۔

وسیم شہزاد نے کہا کہ صحافی کو سوال کرنے سے روکنا غیر قانونی اور غیر آئینی فعل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  سردار تنویر الیاس کے الفاظ پر انتہائی افسوس ہوا، انتہائی غلیظ الفاظ کے استعمال پر میں وزیر اعظم  آزادکشمیر  تنویر  الیاس کا  دفاع نہیں کرسکتا۔

سینیٹر سیف اللہ نے کہا کہ تنویرالیاس کی جانب سے صحافی کو گالیاں دینے کا معاملہ پارٹی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس گزشتہ دنوں صحافی کے سوال کا جواب نہ دے سکے تو  اس پر بھارتی ایجنسی’ را’ سے پیسے لینے کا الزام لگادیا، ثبوت مانگنے پر نجی ٹی وی کے نمائندے کو مبینہ طور پر گالیاں دیں

8 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد جیو نیوز کے نمائندے نے سردار تنویر الیاس سے سوال پوچھاکہ کشمیر پر بلائے گئےاجلاس میں وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو شریک نہ ہوئے ، تو انہوں نے نمائندے پر الزام لگادیا۔