پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایم ولی خان نے مریم نواز کےہزارہ صوبے سے متعلق بیان کو خیبرپختونخوا کی تقسیم کی کوشش قرار دیا ہے
ایبٹ آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےسینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہناتھا کہ وہ صوبہ ہزارہ بنانے میں عوام کے ساتھ ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تقسیم کی کوشش پہلے بھی ہوچکی ہے جس میں ن لیگ ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم بھی بڑوں بڑوں کی خواہش رہی ہے لیکن پوری نہ ہوسکی، ہزارہ کے بھائی اور بہن ہمارا فخر اور ہمارے ساتھ ہیں۔
رہنما اے این پی نے کہا کہ کے پی کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک پیج پر ہیں، تحریک انصاف کے دوست اس قسم کے سیاسی اعلانات سے مزے لینے کی بجائے اپنا موقف واضح کریں۔
ایمل ولی نے کہا کہ خیبر پختونخوا چھوٹا صوبہ ہے اور پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اس لئے پہلے جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کیا جائے۔
ایمل ولی خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے اس قسم کی باتیں سیاسی اتحاد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔