اسلام آباد(امت نیوز)وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے اجلاس نے پیرا سیٹا مول سمیت مزید 20 ادویات کی قیمت بڑھانے کی منظوری دے دی ۔ 18 نئی ادویات کی بھی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتوں کے تعین کی منظوری دی گئی ہے
ای سی سی اعلامیے کے مطابق پیراسیٹامول کی 500 ملی گرام (ایم جی) گولی کی قیمت 2.6 روپے اور پیراسیٹامول ایکسٹرا 500 ایم جی ٹیبلٹ کی قیمت 3.3 روپے مقرر کی گئی ہے دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ ادویات کی قیمتیں بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک کی نسبت کم ترین ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی نے بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا جس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی عائد ہوگا۔
اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کے بجلی بل معاف کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ منظور کرلی جب کہ اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 45 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔