کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے غیر معمولی رش کے پیش نظر ہفتہ 11 فروری کو چھٹی کے روز بھی ملک بھر میں مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں پاکستانی پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی افواہ کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد پاسپورٹ دفاتر میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔شہریوں کی بڑی تعداد فیس میں اضافے کی افواہ سن کر پاسپورٹ دفاتر پہنچی جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دفتر کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ہفتہ 11 فروری کو سینٹرل پنجاب زون،خیبر پختونخوا زون،ناتھ پنجاب/آزاد کشمیر / گلگت بلتستان زون،سندھ زون،بلوچستان زون،سائوتھ پنجاب زون اور ہیڈ کوارٹر زون کے مخصوص رینجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے،
ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن نے بتایا کہ شہریوں کی آسانی کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن شہریوں نے اپنی فیس آن لائن یا بینک میں جمع کرا دی ہے ان کے لیے ہفتہ 11 فروری بروز ہفتہ کو بھی صبح 8 بجے سے دو پہر 2 بجے تک پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے رش کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔سندھ کے 13 پاسپورٹ دفاتر جن میں کراچی رینجنل پاسپورٹ آفس،حیدرآباد ،لاڑکانہ،سانگھڑ،ٹنڈو اللہ یار،میرپور خاص،خیرپور،قمبر شہداد کوٹ،سکھر،نوابشاہ،دادو، گھوٹکی اور مٹیاری شامل ہیں کے پاسپورٹ دفاتر شہریوں کی سہولت کے لئیے کھلے رہیں گے۔