مودی سرکار نے جگ ہنسائی پر گائے کوگلے لگانے کافیصلہ واپس لے لیا

نئی دہلی(انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی مودی سرکاری نے دنیا بھر میں طنز اور تنقید کا نشانہ بننے کے بعد 14فروری   ویلنٹائن ڈے کو گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ واپس لے لیا

جانوروں کے فلاحی بورڈ نے بدھ کے روز 14 فروری کو گائے سے گلے ملنے کے دن کے طور پر منانے کی ہدایت دی تھی۔

آج جاری ہونے والے نئے نوٹس کے مطابق مشاورتی بورڈ نے یہ ہدایت واپس لے لی ہے جس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ متعلقہ حکام اور منسٹری آف فشریز، اینیمل ہسبینڈری کی طرف سے گائے کو گلے لگانے کا دن منانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دائیں بازو کی حکومت نے 14 فروری کو ’گائے کو گلے لگانے کا دن‘ قرار دے دیا تھا اور شہریوں سے کہا تھاکہ وہ 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے پر گائے کو گلے لگائیں۔

بیان میں کہا گیاتھا کہ گائے کے بےشمار فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے، اسے گلے لگانا بہت جذباتی عمل ہوگا اور اس سے ہماری انفرادی اور اجتماعی خوشی میں اضافہ ہوگا۔