زلزلےمیں شامی وزیراعظم کے اہلخانہ بھی جاں بحق، شہبازشریف کی تعزیت

اسلام آباد(امت نیوز)زلزلے سے شام کے وزیراعظم کے اہل خانہ بھی جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے شامی ہم منصب کو فون کرکے ان کے اہل خانہ کی ہلاکت پر تعزیت کی
وزیراعظم نے شامی ہم منصب حسین آرنوس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شام میں زلزلے کے باعث بھاری جانی ومالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس قدرتی آفت میں شامی وزیراعظم کے اہل خانہ کی ہلاکت پر بھی تعزیت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام شدید زلزلے میں بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصان پر گہرے صدمے میں ہیں۔
شام کے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے متاثرین زلزلہ کے لئے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ محکموں کو اس مشکل وقت میں اپنے شامی بھائیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی فوری ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام سے رابطے مں ہیں اور پاکستان جلد زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے امدادی اشیا پر مشتمل ٹرکوں کا قافلہ بھیجے گا۔
پاکستان پہلے ہی خیموں، گرم کپڑوں اور کمبلوں پر مشتمل ایک خصوصی طیارہ شام بھیج چکا ہے۔
زخمیوں کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لئے طبی عملے پر مشتمل ایک ٹیم بھی بہت جلد شام پہنچ جائےگی