اسلام آباد :مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم یہ نہیں کہتے مہنگائی نہیں ، مستقبل قریب میں کوئی ریلیف کا امکان بھی نہیں، شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں۔
میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ذمہ داری دی، میری سرجری تھی اور یہ ذمے داری سونپ دی گئی، سب کی مشاورت کے ساتھ نواز شریف نے میرے کنونشن کا پورا پلان خود ترتیب دیا، میری واپسی کی تاریخ کا فیصلہ بھی نواز شریف نے کیا۔
(ن) لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے کہا جلسے ہم الیکشن کے قریب کریں گے، کمی محسوس ہو رہی تھی، عوامی رابطہ مہم ہم نے چھوڑ دی تھی، میری سرجری ہوئی تو لندن میں 4 ماہ لگ گئے، اپوزیشن کے دور میں آپ کے پاس وقت ہوتا ہے اس وقت ہمارا بیانیہ بھی مضبوط تھا، 4، 5 سال ہمارے بہت متحرک گزرے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے عوام کے رسپانس کا اندازہ بھی نہیں تھا، میں ائیر پورٹ پہنچی تو عوام کا رد عمل ملنا شروع ہو گیا، بے تحاشہ لوگ میرے استقبال کیلیے آئے مجھے توقع نہیں تھی، میں نے نواز شریف سے کہا مجھے توقعات سے زیادہ رسپانس ملا ہے، لوگوں کا جذبہ اصل پیمانہ ہوتا ہے۔